پولیو کے فرض شناس ورکرز کو ہم نیوز کا سلام


اسلام آباد: پاکستان کے پولیو ورکرز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قوم کے مستقبل یعنی بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور پاک سرزمین کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے جس حد تک بھی جانا پڑا وہ جائیں گے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں پولیو ورکرز احمد کمال اورعرفان نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا انہوں نے اپنی زندگی کا مشن بنا لیا ہے اورمشن کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیشک موسم کی سختیاں رکاوٹ پیدا کرتی ہے لیکن عزم مصمم ہو تو پیدا ہونے والی رکاوٹیں بھی راستہ بننے لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا اورملک کا مستقبل ہیں اورانہیں ہرطرح کے مرض سے محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ضلع سوات میں شدید برفباری کے دوران بھی جس طرح ان پولیو ورکرز نے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے ہیں اس پر وزیراعظم عمران خان سمیت نہ صرف تمام پاکستانیوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے

۔

احمد کمال اور عرفان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جن بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے آج وہ جن برف پوش پہاڑوں کے برفانی راستوں پہ چل رہے ہیں اور یخ بستہ ہواؤں کے تھپیڑوں کا سامنا کررہے ہیں کل انہی راستوں پر چل کر یہ ننھے منے پھول ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کریں گے۔

پولیو ورکرز احمد کمال اور عرفان نے جاگتی آنکھوں سے ’خواب‘ دیکھتے ہوئے کہا کہ بیشک جب وہ یادگار لمحہ آئے گا تو مجھ سمیت میرے تمام ساتھیوں کی محنت وصول ہوجائے گی اور ہمارا سرفخر سے بلند بھی ہو گا۔

پولیو ورکرز کے اس قومی جذبے کو دیکھتے ہوئے ’ہم نیوز‘ نے انہیں سلام کیا اورپوری قوم کی جانب سے ان کے جذبہ حب الوطنی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ہم نیوز کا ابتدا سے ہی یہ نعرہ رہا ہے کہ ’’ پولیو سے پاک ہمارا پاکستان‘‘۔


متعلقہ خبریں