سندھ بزنس پورٹل کو فروری میں لانچ کر دیا جائے گا، ممتاز علی شاہ


کراچی: وزیر اعظم کے مشیرعبدالرزاق داؤد نے چیف سیکریٹری سندھ ممتازعلی شاہ سے ملاقات کی جس کے دوران سندھ میں ایز آف ڈوئنگ بزنس میں بہتری پیدا کیے جانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

ملاقات میں وفاقی سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ، صوبائی سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ، سیکریٹری ایکسائیز، سیکریٹری پلاننگ، اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

سندھ میں جاری آف ڈوئنگ بزنس پر بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ ممتازعلی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کاروبار شروع کرنے کے عمل کو پہلے سے زیادہ بہتر بنا یا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فروری میں سندھ بزنس پورٹل کو لانچ کر دیا جائے گا، جس کے تحت صوبے میں انویسٹمنٹ کرنے والوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

بریفنگ کے دوران ممتازعلی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی کاوشوں سے ایز آف ڈوئنگ بزنس میں پاکستان کی رینکنگ میں 11 پوائنٹس کی بہتری آئی ہے جس کے بعد بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشیرعبد الراق نے کہا کہ کراچی میں بزنس میں بہتری کے لیے بزنس کمیونٹی کو سازگار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ بھر میں انویسٹمنٹ کرنے والوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کاروبار میں پیش آنے والے مسائل کو حل بھی کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں