حکومت نے حج کےاخراجات بڑھاکرعام آدمی پربوجھ ڈالا،اپوزیشن



اسلام آباد: مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے حج پرسبسڈی کے خاتمے کوعام آدمی پربوجھ قراردے دیا ہے۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے روپے کی قدرمیں جو کمی ہے یہ اسی کا نیتجہ ہے کہ حج مہنگا ہوگیا، ادویات کی قیمت بڑھی اورملک کے قرضوں میں اضافہ ہواہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی خوشی کی خاطر لوگوں کو حج سے محروم کیا ہے، انہیں سبسڈی دینی چاہیے تھی۔

حکومت کوغریب پربوجھ ڈال کرمعیشت درست نہیں کرنی چاہیے،روبینہ خالد

پیپلزپارٹی کی رہنما روبینہ خالد نے کہا کہ  پاکستان میں غریب آدمی ہی سرکاری حج کرتا ہے، حکومت ٹیکس پر ٹیکس لگاتی جارہی ہے لیکن یہ اچھا فیصلہ نہیں ہے۔ حکومت کو غریب لوگوں کے کندھوں پربوجھ ڈال کرمعیشت درست کرنے کی کوششیں نہیں کرنی چاہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی باتوں اورعمل میں تضاد ہے۔ حکومت میں مفاہمتی اورمزاحمتی لوگ ہوتے ہیں لیکن یہ سارے تباہ کرنے والے ہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت کے لوگ ایوان میں آکر ماحول خراب کرتے ہیں، شیخ رشید کو لانے کا مقصد بھی پی اے سی کاماحول خراب کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت این ایف سی کے تحت صوبے کو حصہ نہیں دےرہی ہے۔ پیپلزپارٹی نے 18ویں ترمیم کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، اس پر خفیہ طورپرکچھ نہیں کرنے دیں گے۔

ریلیف کا تعلق بنیادی سہولیات سے ہوتا ہے،ولیداقبال

تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے کہا کہ حج صاحب استطاعت پر ہی فرض ہے، جس طرح انفرادی استطاعت ہوتی ہے اسی طرح ملک کی بھی ہوتی ہے۔ ریلیف کا تعلق بنیادی سہولیات سے ہوتا ہے، حج صاحب استطاعت پر ہی فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی مشکلات کے حل کے لیے آئی ایم ایف سے پہلے دوست ممالک سے رابطہ کیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کی کم سے کم سخت شرائط مانیں۔

رہنماتحریک انصاف کا کہنا تھا ترمیمی بل کا مقصد کوئی ٹیکس لگانا یاآمدن بڑھانا نہیں تھا۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو اعتماددیا جائے۔

ولید اقبال نے کہا کہ حکومت 18ویں ترمیم کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کررہی ہے۔ آج تک اس معاملے پر وفاقی کابینہ یا پارلیمانی اجلاس میں بھی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایوب خان دورکی بات اس لیے کی ہے کہ تب دنیا میں ملک کی عزت ہوتی ہے۔

حکومت نے نظام کی درستگی کے لیے کچھ نہیں کیا،نذیرلغاری

نذیرلغاری نے کہا کہ دنیا بھرمیں سبسڈی دی جاتی ہے، حاجیوں کی اتنی کم تعداد کا مجموعی معاشی صورتحال پر فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹیکس کے نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا ہے لیکن ایسے غریب لوگوں کے لیے معاملات مشکل بنا رہے ہیں۔ حکومت نے یہ زیادتی کی ہے، اسے اس پر سوچنا چاہیے۔

نذیرلغاری کا کہنا تھا کہ پی اے سی کو اکھاڑی بنانا ہے تو وہاں کام نہیں ہوگا۔ حکومت قانون سازی نہیں کررہی ، اتحادی ناراض ہورہے ہیں۔ قومی اسمبلی، سینیٹ کے علاوہ کوئی ادارہ آئین کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

حکومت نے سیاسی ماحول خراب کیا ہوا ہے،پرویزرشید

مسلم لیگ ن کے رہنما پرویزرشیدنے کہا کہ شہبازشریف کو حکومت چلانی آتی ہے، اے پی سی میں شرات کے لیے آنے والے لوگ ناکام ہوں گے.

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا نام پارٹی نے نہیں دیا ہے، سعد رفیق کا نام بھی شرارت کے لیے نہیں لیا جارہا ہے، یہ کام حکومت نے شروع کیا ہے تو سیاسی ماحول میں جواب دیا جائے گا۔

 

 

 


متعلقہ خبریں