پہلا ٹی 20،پاکستان کو چھ رنز سے شکست


جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

پروٹیز کے 193 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 186 رنز اسکور کر سکی،کپتان شعیب ملک نے 49 ,حسین طلعت نے 40 اور بابر اعظم نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی اور رضا ہینڈریکز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیت کے لئے 193 رنز کا ہدف دیا،میچ کے آغاز میں پاکستان نے پروٹیز کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز انتہائی جارحانہ رہا ,اوپنر رضا ہینڈرکزنے 71 رنز کی بہترین اننگز کھیلی ،جبکہ کپتان فاف ڈوپلسی نے 45 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو مضبوط جگہ پر لا کھڑا کیا۔

پروٹیز نے اپنے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر  192 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے عثمان خان شنواری نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

یاد رہے جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں3-2 اور ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ شکست دی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں، گیارہ مرتبہ لگاتار ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والے پاکستانی کپتان سرفراز احمد آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باعث قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

 


متعلقہ خبریں