این اے 91 سرگودھا: پی ٹی آئی کے عامر سلطان چیمہ نے میدان مار لیا

جی بی اے 3 گلگت3: پی ٹی آئی نے انتخابی معرکہ سر کر لیا

فوٹو: فائل


سرگودھا: پنجاب کے شہر سرگودھا میں قومی اسمبلی کی نشست 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والی پولنگ کے اختتام پر ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق 20 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار عامر سلطان چیمہ نے میدان مار لیا ہے۔ انہوں نے 11618 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے 3134 ووٹ حاصل کیے ہیں اور دوسرے نمبرپر رہے ہیں۔

25جولائی 2018 کے انتخابات میں پی ایم ایل (ن) کے امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کو 87 ووٹوں سے کامیاب قرار دیا گیا تھا۔

سرگودھا میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے – 91 پرپاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اورپاکستان  تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ قرار دیا گیا تھا۔

این اے -91  کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر 28 ہزار 718 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کے مجاز تھے جن میں سے 12 ہزار 279 خواتین ووٹرز اور 16 ہزار 439 مرد ووٹرز شامل تھے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قواعد و ضوابط کے مطابق پولینگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ پولنگ کا وقت ختم ہوجانے کے بعد بھی جو ووٹرز پولنگ اسٹیشنوں کی حدود میں داخل ہوگئے تھے انہیں حق رائے دہی استعمال کرنےکی اجازت دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق 20 پولنگ اسٹیشنوں میں سے مردوں کے لیے تین اور خواتین کے لیے دو مختص تھے جب کہ 15 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے لیے 700 پولیس اہلکاروں کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔

حلقہ این اے – 91 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ 20 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی مواد رکھنے والے تھیلوں کی سیلیں توڑ کر نئی لگائی گئی ہیں جس سے انتخابی ریکارڈ میں ردوبدل کا خدشہ پیدا ہوا تھا۔

حلقہ این اے – 91 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدوار ذوالفقار بھٹی نے یہ صورتحال الیکشن کمیشن کے گوش گزار کی تھی.

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 20 پولنگ اسٹیشنزکے ضمنی انتخابات کے نتائج کے اعلان سے روک رکھا ہے۔ کیس عدالت میں زیرسماعت ہے۔


متعلقہ خبریں