کشمیریوں کے لیے جدوجہد کا تسلسل جاری رہے گا، فضل الرحمان


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لیے جدوجہد کا تسلسل جاری رہے گا۔ حکمران اور ریاستی ادارے کشمیریوں کے ساتھ وفاداری نبھانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں کل جماعتی قومی مشاورت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ طویل عرصے سے ملک میں پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے جب کہ کشمیریوں کا  حق خود ارادیت بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جدوجہد کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر پر ہم کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے ہیں۔

جے یو آئی ف کے سربراہ نے کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے کہا کہ میں نے بطور چیئرمین حکومتوں اور اداروں کے رویوں کو انتہائی قریب سے دیکھا ہے، اس سے زیادہ مایوس کُن دور پہلے کبھی نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ اداروں کو رویوں میں تبدیلی کے لیے متنبہ کریں جب کہ کشمیریوں کی مایوسی سے ایسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں جو ہمارے مفاد میں نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے نائن الیون کے حوالے سے کہا کہ نائن الیون کے بعد آزادی کی تحریکیں متاثر ہوئی ہیں جب کہ جدوجہد آزادی اور دہشت گردی کو ملا دیا گیا۔ ہماری حکومتیں اور سیاسی جماعتیں بھی اس صورتحال سے متاثر ہیں۔


متعلقہ خبریں