صحافی حکومت گرانے کے لیے ہمارے کندھے سے کندھا ملائیں، زرداری



اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صحافی حکومت گرانے میں ہمارے کندھے سے کندھا ملائیں ہم صحافیوں کے معاملات ٹھیک کرنے کے لیے اُن کا ساتھ دیں گے۔

آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے تحت منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات کے باوجود کشمیر کے مسئلہ پر ہم سب ایک ہی ہیں اور ہمارا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی اندرا گاندھی سے کشمیر ایشو پر بات کی تھی اور راجیو گاندھی سے جب کشمیر پر بات کی گئی تو اس وقت اس نے کہا تھا کہ آج تک مجھ سے کسی نے اس مسئلہ پر بات ہی نہیں کی ہے۔ نریندر مودی کو بھی سمجھنا ہو گا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ عوام کی رائے موجود ہے۔

سابق صدر کشمیر کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیاست سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔ ہمارے ڈی این اے میں کشمیر شامل ہے اور ہم کشمیر سے ہیں اور کشمیر ہم سے ہے۔

انہوں ںے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے اور آج کشمیر کے ہر گھر میں شہید موجود ہے جب کہ سینکڑوں کشمیری بھارتی ظلم کے باعث اپنی آنکھوں سے محروم ہو گئے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ میری اگلی نسل بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھی کشمیر کی بات کرتے ہیں اور اللہ نے چاہا تو میں کشمیر کو اپنی زندگی میں آزاد دیکھوں گا۔


متعلقہ خبریں