سانحہ ساہیوال،متاثرین کے مطالبات پورے کرینگے ،افتخار درانی


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سانحہ ساہیوال کے لواحقین کی جو بھی ڈیمانڈ ہوگی وہ پوری کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ یقین دہانی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران اس وقت کرائی جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا سانحہ ساہیوال کے لواحقین کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے واضح کیا کہ شہریوں کو تحفظ دینا ریاست کا کام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور میں سانحہ ساہیوال پر بات ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق ایک دن قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ مسترد کردیا تھا۔

ان کا مؤقف تھا کہ واقعے میں ملوث ہر شخص کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ سانحہ ساہیوال کی تحقیقات شفاف انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں لیکن اگر اس میں کوئی مسئلہ ہوا تو پھر دیکھیں گے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح طور پر کہا تھا کہ سانحہ ساہیوال پر کوئی جوڈیشل کمیشن نہیں بنے گا، اپوزیشن کا مطالبہ مسترد کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سانحہ میں ملوث پانچ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرچکے ہیں اور دو افسران معطلی کے بعد محکمہ جاتی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا جو ابھی پورا نہیں ہوا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لواحقین کو دو کروڑ روپے کی رقم دیں گے، یہ کوئی مذاق نہیں تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے میں بیوی اور بیٹی کے ہمراہ قتل ہونے والے خلیل کے بھائی جلیل پہلے ہی پنجاب حکومت کی امداد کی پیشکش کو ٹھکرا چکے ہیں۔

ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈھائی کروڑ روپے دینے کو تیار ہیں لیکن ان کے بھائی اور اس کی فیملی کو واپس لا دیا جائے۔

خلیل کے بھائی جلیل نے لاہور ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب حکومت کی بنائی گئی جے آئی ٹی کو کالعدم قرار دیا جائے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ان سے ملاقات کریں گے۔ شیڈول کے مطابق وزیراعظم پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق وزیراعظم کو پنجاب میں پولیس اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس دوران انہیں سانحہ ساہیوال کی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان لاہور میں قیام کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ سے بھی ملاقات کریں گے۔


متعلقہ خبریں