ایک کروڑ نوکریاں دینے کا آغاز ہوچکا ہے، نعیم الحق

کراچی: عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق سپرد خاک

راولپنڈی: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا آغاز ہوچکا ہے، ہماری خواہش ہے کہ پاکستانیوں کو ملک سے باہر بھی نوکریاں ملیں، 50 لاکھ گھر بنانے جا رہے ہیں جس سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

وہ پبلک پارک میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے تاخیر سے آنے پر صحافیوں سے معذرت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پہنچ کر خوشی ہوئی ہے اور یہ اقدام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ڈگریوں والے افراد کی بے روزگاری کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان رواں سال ہی پاکستان آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب افواہیں اڑتی ہیں تو ان پر ہنسی بھی آتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زلفی بخاری والی بات درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو پانچ ماہ ہو چکے ہیں، وزیر اعظم کی خواہش ہے جگہ جگہ کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ہماری نئی نسل کی نشوونما صحت مند ماحول میں ہو اور وہ ہیرے جو ریت میں چھپے ہوئے ہیں سامنے آکر اپنے کھیل سے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے دور دراز کے شہروں میں بھی کھیلوں کے گراؤنڈز بنائیں گے اور کئی ارب درخت اگائیں گے، وزیراعظم انقلابی تبدیلی لا رہے ہیں۔

ایک سوال پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میٹنگ میں کہا تھا کہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ درست نہیں ہے اور وہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شیخ رشید احمد کا مؤقف تھا کہ ایک ملزم کیسے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شرکت کر سکتا ہے؟

نعیم الحق نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جس میں وہ بھی شامل ہیں۔ سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ نواز شریف کو سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کاش! مجھے جھوٹ بولنے کی عادت ہوتی لیکن کیا کروں کہ سچ کو دل میں نہیں رکھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے آتے ہی وزیراعظم پر فقرے کسنے شروع کر دیے ہیں۔

نعیم الحق نے کہا کہ وہ مجھ سے عمر میں چھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو ہم جیل سے نکال کر لا رہے ہیں اور آپ ہمیں گالیاں دے رہے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں بہت افسوس ہوا ہے  کہ میڈیا سے  ملازمین کو نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سب کو بلا کر کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

ایک سوال پر نعیم الحق نے تسلیم کیا کہ جو نظام ملک میں رائج ہے اس میں مسائل کا حل موجود نہیں ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ قانون یہ کہتا ہے کہ کسی بھی رکن کو پروڈکشن آرڈر جاری کرکے قومی اسمبلی میں لایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان جب قومی اسمبلی میں داخل ہوئے تو انہوں نے بہت اچھی تقریر تیار کر رکھی تھی لیکن ہونے والی نعرے بازی کے باعث ماحول خراب ہوا۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ لیڈر جو اس وقت قومی اسمبلی میں کر رہے ہیں، وہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے قاتل واقع کی ساری ویڈیو موجود ہے اس پر مقدمہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں