ملک لوٹنے والوں سے کبھی ڈیل نہیں ہوگی، فواد چوہدری


5
گوجرانوالہ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ملک لوٹنے والوں سے کبھی ڈیل نہیں کرے گی۔

گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تباہ حال معیشت ورثے میں ملی، 10 سال میں 70 سال کے برابر قرض لیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کا حساب مانگو تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سوچ ایک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے لوٹے جانے والے پیسے دبئی اور لندن سے ملے، عمران خان تسلسل کے علمبردار ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک لوٹنے والے چور اپوزیشن میں اکٹھے ہوگئے، سابق حکومتوں نے ملک کو قرضوں میں دھکیل دیا جبکہ وزیراعظم سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی نہیں لیتے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان میں علاج کرانا پسند نہیں آرہا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے 11 دفاتر رکھے۔

انہوں نے بتایا کہ جاتی امرا کی دیوار پر کروڑوں روپے لگائے گئے، ماضی کےحکمرانوں نے خزانے میں کیا چھوڑا جو سبسڈی دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون ہے، میاں بردارن کچھ دن جیل میں گزارنے کے بعداسپتال کی طرف دوڑتے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق نوازشریف، شہباز شریف اور سعدرفیق کے پاس جیل میں سہولیات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھ ماہ میں سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں ملیں، پاکستان یمن اور سعودی عرب کے درمیان ثالث کا کردار ادا کررہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک عمران خان کو اہم لیڈر کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں