مکہ و مدینہ جانے کی خواہش بھی حکومت نے چھین لی، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے موجودہ حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ اور مدینہ جانے کی خواہش بھی بے رحم حکومت نے پاکستانیوں سے چھین لی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان کے چہیتوں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے سبسڈی حلال اورغریب حاجیوں کے لئے حرام؟

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کے بیان پر اپنے ردعمل میں سابق وفاقی وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ فواد چوہدری صاحب نے موجودہ حکومت سے مایوس ہوکر اگلی نوکری کی تلاش شروع کردی ہے۔

مسلم لیگ نواز کی مرکزی رہنما نے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کو مشورہ دیا کہ فواد چوہدری صاحب! میڈیا کے ہزاروں ورکرز بے روزگار ہوچکے ہیں، تھوڑا وقت ان کے لئے بھی نکالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب! ننگے پاؤں سعودی عرب جاتے ہیں تو کوئی بات نہیں لیکن حج کی خواہش رکھنے والوں کو مدینہ و مکہ جانے سے محروم کر دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فواد صاحب! قوم کو بتائیں کہ وزیراعظم وہی گاڑیاں استعمال کررہے ہیں جو پچھلے وزیراعظم استعمال کررہے تھے۔

وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات کے گزشتہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری صاحب! آپ کے کیا کہنے، آپ تو بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس ہیلی کاپٹر پچپن روپے فی کلومیٹر میں پہنچا سکتے ہیں کیونکہ اُس میں عمران خان جو سفر کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں ایم ایس کے گھر میں رہتے ہیں لیکن بجلی اور گیس کے بل ڈبل ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان صاحب! اپنا خرچہ خود اٹھاتے ہیں تو کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ملک میں ادویات بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے انتہائی طنزیہ انداز میں کہا کہ ایک کڑوڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر نہ ملے تو کوئی بات نہیں، فواد چودھری کو تو نوکری مل گئی اورعمران خان کا غیر قانونی گھر تو ریگولرائز ہو گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما نے استفسار کیا کہ حکومت عوام کو بتائے کہ منی لانڈرنگ کا 300 ارب کب ملک واپس آئے گا؟

سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ پانچ ماہ میں قوم ناامیدی، مایوسی اور بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہے۔

پی ایم ایل (ن) کی رہنما نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آٹا، دال اور چینی، مہنگی ہوئی تو کوئی بات نہیں کیونکہ  وزیراعظم پچپن کھلی شیروانی کے ساتھ اماراتی پرنس کی گاڑی چلاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں