وزیراعظم کا پنجاب کا گورننس اسٹرکچر تبدیل کرنے کا فیصلہ


لاہور: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے گوررننس اسٹرکچر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

لاہور میں پنجاب حکومت کی انتظامی اور مالی استعداد کار بڑھانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے گوررننس اسٹرکچر کو تبدیل کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوران اجلاس معاشی ترقی کے حصول کے لئے ٹیکنالوجی ، سرمایہ کاری اور ہیومن ریسورس کے استعمال کی تجاویز پرغورکیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو کی اشد ضرورت ہے۔ اس معاملے میں وفاقی حکومت پورا تعاون کرے گی۔

نئے نظام کے تحت مختلف وزارتوں کو کوآرڈینیشن نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کیا جائیگا جس کی سربراہی سینئر بیوروکریٹ کریں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی اور سانحہ ساہیوال پر پیش رفت سے آگاہ کیا ۔عثمان بزدار نے وزیر اعظم کو پولیس اصلاحات اورصوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق تفیصلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے واٹر اتھارٹی کے قیام کے لئے جلد قانون سازی کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے  ہاوسنگ منصوبے سے متعلق اجلاس کی بھی صدارت کی اور منصوبے میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،پنجاب کے مختلف شہروں میں منصوبے کے لیے مختص سائٹس پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اپنے دورہ لاہور کے دوران وزیر اعظم  اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور کارکردگی کی بنیاد پر کچھ وزرا کے قلمدان بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران اتحادیوں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ اتحادیوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔

 

 


متعلقہ خبریں