کلبھوشن یادیو کیس، پاکستان وفد عالمی عدالت انصاف جائے گا


اسلام آباد: دفتر خارجہ نے عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس کی سماعت کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا پانچ رکنی وفد عالمی عدالت انصاف میں کیس کی سماعت کے لیے جلد دی ہیگ جائے گا جب کہ پاکستان کی جانب سے مقدمے کی پیروی وکیل خاور قریشی کریں گے۔

دی ہیگ جانے والے پاکستانی وفد میں اٹارنی جنرل منصور خان، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل اور سیکرٹری خارجہ بھی شامل ہوں گے۔ عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس کی سماعت رواں ماہ ہی ہو گی۔

کلبھوش کے خلاف کیس کی سماعت چار روز تک جاری رہے گی۔

پہلے مرحلے میں بھارت 18 فروری کو اپنے دلائل پیش کرے گا جب کہ دوسرے مرحلے میں 19 فروری کو پاکستان اپنے دلائل پیش کرے گا جب کہ کلبھوشن یادیو کیس کی جرح کی مکمل کارروائی عالمی عدالتِ انصاف کی ویب سائٹ پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو تین مارچ 2016 کو حساس اداروں نے بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا تھا۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کلبھوشن یادیو کا ٹرائل کیا اور سزائے موت سنائی۔

کلبھوش نے گرفتاری کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے 2003 میں انٹیلی جنس آپریشنز کا آغاز کیا اور چھابہار، ایران میں کاروبار کا آغاز کیا جہاں اس کی شناخت خفیہ تھی اور اس نے 2003 اور 2004 میں کراچی کے دورے بھی کیے۔

کلبھوشن یادیو نے 2013 کے آخر میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے ذمہ داریاں پوری کرنا شروع کیں جب کہ کراچی اور بلوچستان میں کئی تخریبی کارروائیوں میں کردار بھی ادا کیا۔


متعلقہ خبریں