تیسرا ٹی ٹوینٹی میچ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی تاہم ویسٹ انڈیز نے سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔

کراچی کے ساؤتھ کلب پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسری ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا گیا۔ پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی جانب سے انعم امین نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا جب کہ ثنا میر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی بیٹسمن ندا ڈار نے سب سے زیادہ 53 رنز اسکور کیے جب کہ عالیہ ریاض 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈینڈرا ڈاٹن نے 46 رنز بنائے جب کہ نتاشہ میکلین نے 26 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی بالر کرشما ریمہیرک نے دو، شکیرا سلیمان اور فلائے فلیچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹی ٹوینٹی میچ کی سیریز میں ویسٹ انڈیز نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی جب کہ پاکستان کو ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی۔ جس کے بعد سیریز مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کے نام رہی۔

پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم کو 71 رنز سے شکست ہوئی تھی جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ٹائی ہوا لیکن فیصلہ سُپر اوور میں ہوا جس میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی تھی۔


متعلقہ خبریں