این آر او ہوچکا ہے،محسن بیگ، فواد چوہدری کی دبے لفظوں میں تصدیق


اسلام آباد: سئینر صحافی محسن بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں این آر او ہوچکا ہے اوریہ ڈیل اگلے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے محسن بیگ نے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہورہا ہے، یہ ڈیل کے تحت ہی ہورہا ہے، مریم نواز بھی کچھ عرصہ خاموش رہیں گی جو ڈیل کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارلیمان کا ماحول ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ان کی کوئی نہیں سنتا، حکومت کا کام نظام چلانا ہے، اگر اسمبلیوں میں ہنگامے ہوتے رہے تو نقصان حکومت کا ہوگا اپوزیشن کا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب تحریک انصاف کی حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں اوردوسری جانب وہ اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کرنہیں چل رہی۔  پرویزالہی کسی وجہ سے نومبرتک رکے ہوئے ہیں جس کے بعد کھل کر سامنے آجائیں گے۔

محسن بیگ نے بتایا کہ  سانحہ ساہیوال کے آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم کا پورا ریکارڈ موجود ہے کہ کون کون آپریشن کے لیے گیا تھا۔ غلطی مان کر معافی مانگ لیں تو ہوسکتا ہے متاثرہ خاندان ہی معاف کردے۔

اگر پیسے دیں تو انہیں موقع دینا چاہیے، افتخاراحمد

تجزیہ کارافتخاراحمد کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے وعدوں پرکام نہیں کررہی ہے۔ نوازشریف سے اگر ڈیل یا ڈھیل ہوئی تو اس میں آصف زرداری کو بھی شامل کرنا پڑےگا۔ اگرعوام کے لوٹے ہوئے پیسے واپس آئیں گے تب کوئی بھی ڈیل قابل قبول بن جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ راستہ یہی ہے کہ پیسے دیں اور سیاست کریں کیونکہ دونوں جماعتیں کمزور نہیں ہیں اور نہ ہی ختم ہوسکتی ہیں۔ اگر پیسے دیں تو انہیں موقع دینا چاہیے۔

افتخاراحمد نے کہا کہ حکومت کی انتظامی امورپرگرفت صفر ہے، لاہورشہر میں ہرطرح کے مسائل پانچ ماہ میں بڑھے ہیں، یہ شہر آہستہ آہستہ خرابی کی طرف جارہا ہے، کام کے لیے پیسوں کی ضرورت نہیںِ، اس کے لیے محکمے موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال سے متعلق شناخت کرانا کیس کو کمزورکررہا ہے، اگر ایک گواہی غلط ثابت ہوئی تو ملزمان کو فائدہ ہوگا، اس کا واحد حل جوڈیشل کمیشن ہی ہے۔

افتخاراحمد کا کہنا تھا کہ 2007 میں سیاسی جماعتوں نے احترام کا معاہدہ کیا ، بلاول بھٹو سیاست کا مستقبل ہیں انہیں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیں جو کل کو ان کے خلاف استعمال ہوں۔

تحریک انصاف اپنے کام پرتوجہ نہیں دے رہی،راجہ عامرعباس

ماہرقانون راجہ عامرعباس نے کہا کہ اگر ڈیل ہوگی تو ڈھیل ہوگی۔ پلی بارگین کے تحت ملک میں راستہ موجود ہے، قوم کو تب ہی قبول ہوگا جب خزانے میں بہت ساری رقم آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال کو حکومت کو مثال بنانا چاہیے، بے شک پولیس کو درست راستے پرلانا آسان نہیں ہے، وقت لگے گا لیکن حکومت کو فیصلے کرنے ہوں گے۔

راجہ عامرعباس نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیے یہ نعرے بچاؤ ہیں، وہ کام پرتوجہ نہیں دے رہے بلکہ عوام کو اس طرف لانے کی کوشش کررہی ہے۔ پارلیمنٹ چورچور کہنے کی جگہ نہیں بلکہ حکومت اداروں میں موجود کمزوریاں ختم کرے۔

اگر پیسے دے دیں تو پلی بارگین کا راستہ موجود ہے،فوادچوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 30 سال اقتدار کے بعد نوازشریف کو پاکستان کے ہسپتال پسند نہیں آرہے تو اس پرکیا کہا جائے۔ اگر پیسے دے دیں تو پلی بارگین کا راستہ موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال کے کیس میں ہماری پالیسی واضح ہے کہ انصاف ہوگا، اگر ضرورت محسوس ہوئی توجوڈیشل کمیشن بھی بنا دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورننس کا نیا اسٹرکچر ہے، چند دنوں میں واضح خدوخال سامنے آجائیں گے جن کا تحریک انصاف نے وعدہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں