ہم حکومت گرانے کے موڈ میں نہیں، خورشید شاہ



سکھر: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے نواز شریف کی جیل سے رخصت کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمانت مل جائے تو حکومتی ارکان این آر او کا شور مچانے لگتے ہیں۔

خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت گرانے کے موڈ میں نہیں ہیں اس لیے حکومت نہیں گرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتری جمہوریت میں ہی ہے۔ ہم صرف نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ پاکستان اس لیے تباہ ہوا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں تھی۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انہیں ضمانت مل جائے گی اور اگر عدالت انہیں ریلیف دیتی ہے تو یہ ان کا حق ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جس کیس میں کچھ ہو سکتا تھا اس میں تو اُنہیں چھوڑ دیا گیا ہے اور جس میں کچھ ہو ہی نہیں سکتا اس میں سزا دی گئی ہے۔

شیخ رشید پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس آدمی کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا  ہے وہ جو کہہ رہا ہے اسے کہنے دیں۔ شیخ رشید کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ عمران خان کو خوش کرنے کے لیے اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں

مقبوضہ کشمیر پر خورشید شاہ نے کہا کہ دنیا میں کشمیر کا مسئلہ سب سے زیادہ پیپلز پارٹی نے ہی اٹھایا ہے۔ کشمیر پیپلزپارٹی کی سیاست کا حصہ رہا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک ہم نے کشمیر ایشو پر بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایٹمی طاقت صرف کشمیر کی وجہ سے ہی بنایا تھا جب کہ آمروں نے ہمیشہ کشمیر کے معاملے کو کمزور کیا ہے۔


متعلقہ خبریں