شیخ رشید، سعد رفیق کو پی اے سی میں شامل نہ کرنےکا فیصلہ

شیخ رشید کو پی اے سی میں شامل نہ کرنےکا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو خبر دی ہے کہ اسپیکر اسمبلی کمیٹی میں بد نظمی نہیں چاہتے اس لیے دونوں رہنماؤں کو پی اے سی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر نے اپنے فیصلے سے متعلق حکومت اور اپوزیشن سے بات کی ہے۔

یاد رہے کہ حکمراں جماعت نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹ کمیٹی(پی اے سی) کے ممبر کے طور پر نامزد کیا تھا۔ وفاقی وزیرنے کہا تھا کہ وہ  پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں لڑائی جھگڑا کرنے کے لیے نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کی آواز بننے جا رہے ہیں۔

شیخ رشید ماضی میں چیئرمین پی اے سی شہباز شریف کی تعیناتی کو بھی غیر آئینی قرار دے چکے ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی  اس عہدے پر تعیناتی بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے موجودہ اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین بنانے سے پیغام اچھا نہیں گیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا تھا کہ ایک شیخ رشید کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ہو گی اور ایک شہباز شریف کی۔ میں شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جا رہا ہوں۔ چور مچائے شور کی فلم اب نہیں چل سکتی۔


متعلقہ خبریں