471 فوڈ بزنس آپریٹرز مختلف بیماریوں کا شکار ہیں،پنجاب فوڈ اتھارٹی

فائل فوٹو۔–


لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی میڈیکل اسکریننگ لیب نے جنوری 2019 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانچ ہزار 882 فوڈ ورکرز کے ٹیسٹ، 471 فوڈ بزنس آپریٹرز مختلف بیماریوں کا شکار ہیں جبکہ 154 افراد ٹائیفائیڈ کی بیماری میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ اسی طرح 26 میں ٹی بی، 130 میں ہیپاٹائٹس بی اور 161 افراد میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوئی ہے۔

جنوری 2019 میں خوراک کے کاروبار سے منسلک پانچ ہزار 882 افراد کا معائنہ کیا گیا جس کے بعد یہ رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

پانچ ہزار 411 افراد کے میڈیکلز کلیئر پائے گئے ہیں،محمدعثمان

ڈائی ریکٹر (ڈی جی) پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمدعثمان نے بتایا کہ صوبہ بھر کی اسکریننگ لیبز میں چانچ پڑتال کے دوران پانچ ہزار 411 افراد کے میڈیکلز کلیئر پائے گئے ہیں۔ لاہور میں دو ہزار 829، ملتان میں 1250، گوجرانوالہ میں 705 اورراولپنڈی میں 1098 افراد کی میڈیکل اسکریننگ کی گئی۔

کیپٹن (ر) محمدعثمان نے کہا ہے کہ خوراک سے وابستہ افراد کا صحت مند ہونا لازمی ہے کیونکہ بیمار فوڈ آپریٹر سے جراثیم خوراک میں منتقل ہو کربیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد براہ راست خوراک تیار کرنے کے علاوہ دوسرے شعبوں میں کام کر سکتے ہیں۔ پنجاب میں خوراک سے وابستہ ہر شعبے کی ہر سطح پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں