چوروں نے بھاگنے کی کوشش کی تو عوام کو کال دیں گے، شیخ رشید


سیالکوٹ: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نام لیے بغیر خبردار کیا ہے کہ اگر چوروں نے بھاگنے کی کوشش کی تو عوام کو کال دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ بڑے فنکار ہیں اگر بیرون ملک علاج کے لیے گے تو لوگ ڈھیل ہی سمجھیں گے۔

وہ ڈرائی پورٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی موجودگی میں ڈیل یا ڈھیل نہیں ہوسکتی ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ اپوزیشن یہ سازش کررہی ہے کہ کہ ہمارا بندہ بھی نہ ہو اور شیخ رشید کو بھی نہ لو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھ سے کوئی سنئیر ہے تو عمران خان اسے پی اے سی کا ممبر بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف میں اگر اخلاقی جرات ہے تو پی اے سی کی چئیرمین شپ چھوڑ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پرکرپشن کے 23 مقدمات ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم کے حوالے سے کہا کہ میاں نواز شریف کو پتھری کی بیماری نکلی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اتنے بڑے آدمی کو غریبوں والی بیماری کیسے ہو گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ پتھری کا دم لال حویلی میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز اور زرداری خاندان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  بلاول نے میرے بارے میں بڑی گندی زبان استعمال کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو میں نے وارننگ دی ہے کہ وہ معافی مانگ لے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ گیس کے بلوں میں اضافہ ان دو پارٹیوں کی وجہ سے ہوا ہے  جنہوں نے وفاق کو لوٹا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 70 سالوں سے صرف کمیشنیں کھائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمران ہونی چاہیے۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اتحادی جماعت کے سربراہ اوروفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے اپنے حوالے سے کہا کہ نیب میری خاک تفتیش کرے گی؟ میرے اوپر کوئی کرپشن کا کیس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ اسپیکر ریمانڈ کے دوران پروڈیکشن آرڈر نہیں جاری کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عوام نے اس لیے ووٹ دیے ہیں کہ وہ ان چوروں اور ڈاکوؤں سے نجات چاہتی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ بزنس مینوں نے بزنس ٹرینوں کی مد میں دو ارب کی ادائیگی کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک بھی مسافر کوچ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی ٹریںیں ملتے ہی سیالکوٹ لاہور اور راوالپنڈی سیالکوٹ ٹرینیں بحال کردیں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خام کے 100 دن میں بیس ٹرینیں چلائی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال بیس ٹرینیں مزید چلائی جائیں گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا کہ ریلوے کی بد حالی سنگل ٹریک کی وجہ سے ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں