کے پی پولیس کی رابطہ ایس ایم ایس سروس کی چار خوبیاں


پشاور:خیبر پختون خواہ کی پولیس کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے رابطہ کے نام سے ایس ایم ایس سروس کی طرز کا سافٹ ویئر بنایا گیا ہے۔اتوار کی شب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس سوفٹ ویئر سے متعلق لوگوں کو آگاہ کیا گیا۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے پشاور کے سی سی پی او قاضی جمیل نے اس سافٹ ویئر کی خصوصیات سے متعلق بتایا ہے کہ سافٹ ویئر کے ذریعے مدعی گھر بیٹھے کیس سے متعلق پیشرفت کے بارے میں جان سکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ اس کیس کے انوسٹی گیشن آفیسر سے رابطہ میں بھی رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے کسی بھی تھانے میں مدعی کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ ہی اس ایف آئی آر کی رجسٹریشن سے متعلق ایک ایس ایم ایس بھیج دیا جائے گا۔

اس ایس ایم ایس میں ایف آئی آر سے متعلق چار اہم معلومات ہونگی .

١. سیریل نمبر
٢ .جرم کی دفعات کا نمبر
٣. انوسٹیگیشن آفیسر کا نام
٤،، انوسٹیگیشن آفیسر کا رابطہ نمبر

انہوں نے بتایا کہ اس سروس کے ذریعے مدعی کو کیس کے انوسٹیگیشن آفیسر سے متعلق بھی آگاہ کر دیا جائے گا تاکہ وہ ان سے رابطے میں رہیں۔

قاضی جمیل الرحمان کا کہنا ہے کہ اس جدید سافٹ وئیر کے نفاذ کا مقصد پولیس کے تفتیشی نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق محکمہ پولیس میں ہونے والی تبدیلیوں سے لوگوں کے پولیس پر اعتماد کی بحالی میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سافٹ ویئر میں مزید سہولیات بھی جلد شامل کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں