ڈیل کی بات کرکے حکومت اپنی بے بسی کا اظہار کررہی ہے، عظمیٰ بخاری



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما عظمٰی بخاری نے حکومتی وزراء کی طرف سے این آراو کی باتوں کو حکومت کی بے چینی اور اندرکا ڈر قراردے دیا ہے۔

پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ڈیل ہے، یہ بات حکومت کررہی ہے۔ وزراء میں اگر ہمت ہے تو بتائیں کہ کس نے این آر او اور کس سے مانگا۔

حکومت این آر او کی بات کرکے اپنے آپ کو بے اختیار ثابت کررہی ہے کہ معاملات کسی اور کے ہاتھ میں ہیں، ان کی اپنی حکومت پنجاب اور وفاق میں چند ووٹوں پر مشتمل ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اعظم سواتی کے خلاف جو کچھ ہوا یہ عدالت کے کہنے پر ہوا، تحریک انصاف کو ہر معاملے میں ریلیف مل جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو نکالنے اور نواز شریف کو پارٹی سے بے دخل کرنے کی سازش کی گئی، مریم نوازکی خاموشی ہمارا لائحہ عمل اور فیصلہ ہے، کب بولیں گی اس کا فیصلہ تحریک انصاف یا پیپلزپارٹی نے نہیں کرنا ہے۔

شریف خاندان کو ہم نے کوئی ریلیف نہیں دیا،علی نوازاعوان 

تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے کہا کہ شریف خاندان کو ہم نے کوئی ریلیف نہیں دیا، جو کچھ ہوا عدالتوں سے یا دونوں جماعتوں کی سیاسی روایت کے نیتجے میں ہوا۔ حکومت کوئی ڈیل نہیں دے گی یہ وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو کوئی ایسی بیماری نہیں ہے جس کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں، ضمانت لینے کے لیے عدالت کو قائل کرنا ہوگا۔

علی نوازاعوان نے کہا کہ سی ڈی اے بلاامتیازآپریشن کرتا ہے، ماضی میں بھی عدالتوں نے کہا کہ یہ کام کرو لیکن یہ جماعتیں بھاگ جاتی تھیں، اعظم سواتی نے عدالت کے کہنے سے پہلے استعفی دیا ہے۔

ہم حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کرنا چاہتے،فیصل کریم کنڈی

پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ  مسلم لیگ ن کے ساتھ ہمارا کچھ معاملات پر اتحاد ہے، لیکن ہم الگ پارٹی ہیں، ہم حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کرنا چاہتے، ہم نے ماضی میں بھی جیلیں برداشت کی ہیں اب بھی کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیل ہوتی رہتی ہے اور اب بھی یہ معاملہ ہرطرف زیرگردش ہے، نوازشریف کی بیماری سے متعلق فیصلہ عدالت نے نہیں ڈاکٹروں نے کرناہے۔


متعلقہ خبریں