2020 مڈٹرم الیکشن کا سال ہے، نبیل گبول کا دعویٰ



اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے 2020 کو مڈٹرم الیکشن کا سال قرار دے دیا ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ حکومت کو پانچ ماہ میں ملکی مسائل کا اندازہ ہی نہیں ہوا ہے.

انہوں نے کہا کہ عمران خان سلیبرٹی ہیں لیکن وہ لیڈر نہیں ہیں، الیکشن کے جلسوں میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، عمران خان پر تنقید معاشی حالات کی وجہ سے ہوتی ہے، عمران خان جانتے ہیں کہ 2020 مڈٹرم الیکشن کا سال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مضبوط کپتان ہیں لیکن ان کی ٹیم کمزور ہے۔ عمران خان اگر فیصلے کرنے کی ہمت کرلے تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوازشریف نے غلطیاں کی ہیں جس کی وجہ سے وہ جیل میں ہیں، لیکن جلد وہ وہاں سے نکل جائیں گے۔

نوازشریف کے علاج پرعدالتی حکم تسلیم کریں گے،ندیم افضل چن

تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ ملک میں معاشی حالات بہت خراب ملے اس لیے درست کرنے میں وقت لگ رہا ہے، آئی ایم ایف کی طرف اگر اب جائیں گے تو شرائط پہلے کی طرح سخت نہیں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  گیس کے بل زیادہ آئے ہیں اس پرانکوائری ہوگی، یہ بیوروکریسی کی خامیاں ہیں، ہم انہیں کارپٹ کے نیچے نہیں ڈالیں گے، پہلے بھی گیس کے معاملے پر لوگ نکالے اب بھی ذمہ داروں کا دفاع نہیں کریں گے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کو کہا کہ کاشتکاروں کو ادائیگی، گنے کی قیمتوں اور خارجہ پالیسی پر دونوں حکومتوں کا موازانہ کرلیں،  ملک میں ہرطرح کے مافیا کی بنیادمسلم لیگ ن نے رکھی، انہیں سہولت فراہم کی۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ ہماری حکومت احتساب پریقین رکھتی ہے لیکن سیاسی انتقام پریقین نہیں رکھتی ہے، نوازشریف کے علاج سے متعلق عدالت نے جو بھی کہا اسے تسلیم کریں گے۔

حکومت نے صرف مافیاکوسہولت دی، خرم دستگیر

مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے جس کا اظہار دنیا بھرسے ہورہا ہے۔ عمران خان نے پوری دنیا میں کرپشن اور برے معاشی حالات کا چرچا کیا جس سے تمام عالمی اداروں نے یہ رائے بنائی۔ حکومت اب تک معاشی شعبے میں کوئی اصلاحات متعارف نہیں کراسکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو پیسے حاجیوں، کاشت کاروں کو دینے تھے وہ انہوں نے اسپورٹس، کار، اسٹاک ایکسچینج اور بینک مافیا کو سپورٹ کیا ہے۔ یہ بحران ہر حکومت کے لیے ہوتے تھے لیکن انہوں نے کبھی عوام پر ان کا بوجھ نہیں ڈالا۔

خرم دستیگرنے کہا کہ عمران خان کی ساری کابینہ پرویزمشرف کی ہے، کابینہ میں تجربے کار لوگوں کے باوجود غلط ہونے کا مطلب ہے کہ کہیں اوپرسے کہیں غلط ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ انتہائی خوشی کی بات ہوگی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری آئے، معاشی امداد کا تعلق افغانستان کے مذاکرات سے ہے، مسلم لیگ ن نے امریکہ سے تعلق کمزورکیا لیکن تحریک انصاف نے پھر سب کچھ امریکہ کے حوالے کردیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں