ڈیل کرنا نوازشریف کے مؤقف کی توہین ہے، احسن اقبال



اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیل کی باتیں ہمارے مخالفین کی جانب سے کی جا رہی ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی میڈیا ٹیم نے سیاست میں شرپسندی کا عنصر پیدا کیا ہے۔ ڈیل کرنا نوازشریف کے مؤقف کی توہین ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور کے مسلم لیگ نے کے این آر او سے متعلق بیان پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کے کسی ذمہ دار رہنما نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، یہ ایک انفرادی شخص کی شرارت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین جان چکے ہیں کہ نواز شریف پر چلائے جانے والے مقدموں میں کچھ نہیں نکلا اور وہ جلد ان صعوبتوں سے نکل جائیں گے اس لیے وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ہر رہنما نواز شریف کے بیانیے کا اظہار کرتے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ وہ خاموش ہیں۔

احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں نواز شریف کی صحت سے متعلق تشویش ہے، سروسز اسپتال میں کارڈیالوجسٹ کا شعبہ ہی نہیں ہے جبکہ میڈیکل بورڈ میں بھی کوئی دل کا ڈاکٹر نہیں موجود ایسا کہاں ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار پنجاب اور وفاقی حکومت ہو گی۔

ارمان لونی کے قتل پر سیاست نہیں کرنی چاہئے،صوبائی وزیر داخلہ

صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ ارمان لونی کے قتل پر سیاست نہیں کرنی چاہئے اگر اس واقعہ میں پولیس ذمہ دار نکلی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا ہمارے ملک کے دشمن قوتوں کی کوشش ہے کہ وہ ملک کا امن خراب کریں، ہم ایسے عناصر کو بالکل برداشت نہیں کریں گے جو ریاست اور عوام کے درمیان معاملات خراب کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ارمان لونی کے قتل سے متعلق ڈاکٹروں کی رپورٹ نہیں آتی تب تک کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

جنوبی پنجاب  سیکرٹریٹ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے،طاہر بشیر چیمہ

رہنما پی ٹی آئی طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے انتظامی سیکرٹریٹ سے متعلق کسی بھی رہنما نے بیان نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کہاں بنے گا اس  کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔


متعلقہ خبریں