کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی، صدر پاکستان



اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی  کشمیر منایا جا رہا ہے اور سات دہائیوں سےریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی برادری کا دوغلہ پن شکوک و شبہات ابھار رہا ہے لیکن ہمیں یقین ہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی۔

صدر عارف علوی نے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا کشمیریوں پر ظلم دہشت گردی کو ہوا دینے کے مترادف ہے اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق بیانات پر کشمیریوں کا بھروسہ کم ہوتا جارہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کا جذبہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور کشمیر دو نہیں بلکہ ایک ہیں ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی آزادی قریب ہے۔

حریت رہنما یاسین ملک اور ان کی اہلیہ مشعال ملک نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بین الاقوامی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے اور دنیا کو سمجھ آگئی ہے کہ امن مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر پرپاکستان سمیت آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیری عوام بھارتی ظلم کا شکار کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر پر بھارتی مظالم کے کیخلاف بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے پاکستان بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ سمینارز اور کانفرنسزمیں بھارتی فوج کے مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو اغوا کرکے مارے جانے جیسے افسوس ناک واقعات کواجاگر کیا جائے گا اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔

یوم یکجہتی کشمیر ہر سال پانچ فروری کو منایا جاتا ہے اس روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف جاری مظلوم کشمیریوں کی جد و جہد آزادی سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ اسپین کے علاقے بارسلونا میں بھی کشمیریوں کی حمایت کے لئے ریلی نکالی گئی ہے اور  ریلی کے شرکا نے بھارتی مظالم کے خلاف اور حق خود ارادیت کے حق میں نعرے لگائے۔

ملتان اور مردان میں بھی طلبہ نے ریلی نکالی گوجرانوالہ آرٹس کونسل میں ہندوستانی بربریت  کی تصویری نمائش کی گئی اور ریلی نکالی گئی، سانگلہ ہل میں یک جہتی کشمیر کانفرنس منعقد کی گئی اور دیپالپور میں 5 ہزار سے زائد افراد نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا۔

کشمیر کونسل  یورپی یونین(ای یو) کے زیراہتمام برسلز کے ریلوے اسٹیشن کے سامنے بھی مظاہرا ہوا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق والے افراد اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مظاہرین  نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔


متعلقہ خبریں