برطانوی پارلیمنٹ: کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد منظور

برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کیخلاف قراداد منظور | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: کشمیر کانفرنس


لندن: برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیرکانفرنس کے شرکا نے مقبوضہ وادی میں مظالم کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرلی ہے۔

کانفرنس میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور برطانوی  پارلیمنٹ کے ارکان بھی شریک ہوئے۔

کشمیر کانفرنس میں پیش کی گئی قرارداد میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

قرار داد میں کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہارکیا اور مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

کشمیر کانفرنس میں پیلٹ گنز کے متاثرین کو فوری طبی امداد دیے جانے کا بھی مطالبہ کیا گیا، قرار داد میں اس عزم کا اعادہ  کیا گیا کہ کشمیریوں کی حمایت حاصل کرنے کےلیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

قرار داد میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل  نہ ہونے سے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا،مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پہلی بار برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف کامنز میں اس طرح کھل کر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بات چیت ہوئی ہے،عوام الناس کے موڈ میں تبدیلی آرہی ہے اور  کشمیریوں کے خون کی وجہ سے رائے عامہ میں تبدیلی نظر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر شخصیات سے بالاتر ہے یہ ایک بڑا مقصد ہے جو شخصیات کا محتاج نہیں۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ 9/11 کے بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی کے ساتھ ملانے کی کوشش کی لیکن رفتہ رفتہ حقیقت سب کے سامنے آ گئی۔


متعلقہ خبریں