ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ ڈی چوک پر اظہار یکجہتی کے لیے ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔

دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے طلبا نے ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا جب کہ ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت کرتا رہے گا جب کہ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہوئے ہیں لیکن مذاکرات کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد بھارت کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ کوہالہ آزاد کشمیر میں بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جس میں وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب یاسر ہمایوں نے خصوصی شرکت کی۔

پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں بھی کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی حمایت میں طلبا نے ریلی نکالی اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ طلبا نے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل کرانے کا مطالبہ کیا۔

گلگت میں بھی لالک جان اسٹیڈیم سے گرلز ڈگری کالج تک ریلی نکالی گئی۔ جس میں ڈپٹی اسپیکر، فورس کمانڈر سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پشاور کے بچوں نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا اور کشمیر کا ثقافتی لباس پہن کر ریلی نکالی۔ جس میں اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ نے بھی شرکت کی۔


متعلقہ خبریں