ورلڈ کپ: سرفراز احمد ہی کپتان ہوں گے، احسان مانی



لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد ہی کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان کا اعلان کیا۔ احسان مانی نے کہا کہ سرفراز احمد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں اور رہیں گے جب کہ آسٹریلیا سیریز میں بھی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

احسان مانی نے کہا کہ سرفراز نے کرکٹ کے لیے بہت کچھ کیا ہے اور سرفراز جیسی لیڈر شپ بہت کم لوگوں میں ہوتی ہے۔ جب سرفراز کپتان بنا تو ٹیم کی رینکنگ نو تھی لیکن سرفراز محنت کر کے یہ رینکنگ پانچ تک لے کر آئے ہیں۔ اس وقت سارا بورڈ سرفراز کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی سربراہی میں ہم ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کریں گے۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔ ہار سے ایک سبق ملتا ہے اور ٹیم کی پرفارمنس مزید بہتر ہوتی ہے۔

اس موقع پر سرفراز احمد نے کہا کہ میری پوری کوشش ہو گی پاکستان کے لیے اچھا کروں اور بورڈ کے اعتماد پر پورا اتروں۔ ورلد کپ میں ٹیم کی کپتانی اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے الفاظ پر جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سے معذرت کر لی تھی اب یہ معاملہ ختم ہو گیا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے آل راؤنڈرز محمد حفیظ اور شعیب ملک نے سرفراز احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔


متعلقہ خبریں