والدین کا جھگڑا، ماں نے ننھی پری کو سمندر میں پھینک دیا

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: کراچی میں ماں باپ کے جھگڑے میں دو سالہ بچی کی جان چلی گئی۔ ماں نے طیش میں آکر بچی کو سمندر میں پھینک دیا۔

پولیس کے مطابق اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون شکیلہ کے شوہر نے گزشتہ روز جھگڑے کے بعد اسے گھر سے نکال دیا تھا۔ جس پر خاتون نے طیش میں آکر اپنی دو سالہ ننھی پری کو سی ویو پر سمندر میں پھینک دیا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے بچی کی لاش سمندر سے نکال لی۔

ایس پی کلفٹن سہائی عزیز کے مطابق خاتون نے کہا ہے کہ سال 2011 میں اس کی شادی محمد راشد سے ہوئی تھی اور سال 2016 میں انعم کی پیدائش ہوئی۔

بچی کی پیدائش کے بعد شوہر نے شکیلہ اور بچی کو گھر میں رکھنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد وہ اپنے والدین کے گھر چلی گئی تاہم والدین نے بھی اسے واپس چلے جانے کو کہا۔

شکیلہ نے کہا کہ اُس نے یہ انتہائی قدم حالات کی وجہ سے اٹھایا ہے۔ پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے ننھی انعم کے باپ کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ سنگدل باپ کی ہی بدولت بچی کی ماں قتل پر مجبور ہوئی، بچی کے قتل کے مقدمے میں اس کو بھی ملزم نامزد کیا جائے گا۔

تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بےحس باپ بچی پر خرچ کے لئے ہفتہ وار محض ایک سو روپے دیتا تھا، بچی کا باپ راشد بطور لیب ٹیکنیشن ملازمت کرتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق لاچار ماں بچی کے دودھ اور ڈائپرز کے پیسے نہ ہونے پر بھی شدید پریشان رہتی تھی، باپ کی جانب سے پیدا کیے گئے حالات پر ہی ماں نے انتہائی قدم اٹھایا۔


متعلقہ خبریں