وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو ہوگا

فوٹو: فائل


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس سات فروری بروز جمعرات کو  طلب کر لیا  ہے، جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق ماہانہ بریفنگ دی جائے گی اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹریڈ پروموشن ایجنسیز بلجیئیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی منظوری دی جائے گی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں  ضمنی انتخابات 2018 کے لیے فنڈز سے متعلق ڈیفنس ڈویژن کی سمری اور آڈٹ اورسائٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں بیت المال بورڈ کی تشکیل نو کا معاملہ، پاکستان رینجرزکیلئے429ملین روپے کی سپلیمنٹری دینے کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی تبدیلی کیلئےفنڈزکے اجراء کا معاملہ شامل ہے۔

اجلاس میں کرتارپورہ تقریب کیلئے ڈپلومیٹس اور میڈیا ٹیمزکولے جانے والی پی آئی اے چارٹرڈ طیارے کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میںانسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹنٹس آف پاکستان کے کونسل کی نامزدگی کی منظوری اورصحت سے متعلقہ اداروں کی کابینہ ڈویژن سے نیشنل ہیلتھ سروسز کو منتقلی کی منظوری بھی  دی جائے گی

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 29جنوری کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

واضح رہے وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا آخری اجلاس گزشتہ ماہ جنوری کو ہوا تھا۔

اجلاس میں نئی حج پالیسی سال 2019 کے حوالے سے کابینہ ارکان کو بریفنگ دی گئی جب کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق پر بھی غور ہوا۔

منی لانڈرنگ کیس کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پر 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ جس کے بعد ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر افراد کے نام نکالنے کے حکم پر بھی غور کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سے متعلق آئینی ترمیم کا مسودہ بھی زیر غور رہا جب کہ اجلاس میں کیپیٹل ڈیولپمنت اتھارٹی (سی ڈی اے) کے نئے چیئرمین کی تقرری، پی آئی کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر اداروں میں حکام کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ تھی۔


متعلقہ خبریں