ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں بشمول وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز مظفر آباد سے 104 کلو میٹر شمال مشرق میں تھا جس کی شدت 5.6 تھی جبکہ اس کی گہرائی زیر زمین 40 کلو میٹر تھی۔

زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ وفاقی دارالحکومت کے علاوہ سوات، راولپنڈی، شکر گڑھ، دیربالا، میانوالی، نارووال، ایبٹ آباد، بٹگرام، مظفر آباد اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

پاکستان کے علاوہ بھارت اور افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز بھی ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کی شدت 5.8 تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 80 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ زلزلے سے کوئی جانی و مالی نقصان  نہیں ہوا تھا۔

زلزلے کے چند گھنٹوں بعد کراچی میں زمین ایک بار پھر ہل گئی جس سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

شہر قائد میں دوسری بار آنے والے زلرلے کی شدت 2.9 اور گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔


متعلقہ خبریں