مذاکرات صحیح سمت میں گئے تو افغانستان سے فوج نکال لیں گے،ٹرمپ

یہودی مخالفین کو شکست دینا ہوگی ، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی کانگریس کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں پارٹیاں مل کرکام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی قوم کی نظریں اس وقت کانگریس پر مرکوز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ اتحاد اورتعاون کی بنیاد پرملکی مفاد میں قانون سازی کی جائے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان میں اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر دہائیوں کے سیاسی تعطل کو دور کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے خطاب کا ایجنڈا امریکہ کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتقامی سیاست کومسترد کرناہوگا۔

امریکی صدر نے اپنی حکومت کی کارکردگی بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دو سال میں معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے ہیں اور جیسی معاشی ترقی ان کے دور میں ہوئی ہے ایسی ماضی میں کبھی نہیں ہوئی۔

اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری 50 سال کی کم ترین سطح پر ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی کامیابیاں گنواتے ہوئے کہا کہ انرجی سیکٹر میں انقلاب برپا کیا ہے جس کی وجہ سے پہلی مرتبہ توانائی برآمد کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہردن امریکہ جیت رہا ہے تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ بیرونی دشمن کو شکست دینے کے لیے اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کو مل کر قومی بحران ختم کرنا ہو گا۔

غیرقانونی تارکین وطن کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ میکسیکو سے غیرقانونی تارکین وطن امریکہ آ رہے  ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی سرحد پر صورتحال امریکیوں کے پر خطر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی سرحد کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ انسانی اسمگلرز اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ تارکین وطن کو قانونی طریقے سے امریکہ آنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی سرحد سے منشیات اسمگلنگ کے باعث امریکی ہلاک ہو رہے ہیں۔

امریکی صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن ہر سال ہزاروں امریکیوں کو قتل کرتے ہیں لیکن اب جنوبی سرحد کی وجہ سے مزید امریکیوں کو ہلاک نہیں ہونا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنوبی سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میکسیکو سرحد پر دیوار تعمیر کروں گا جس کی وجہ سے غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کم ہو گی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ کانگریس میں خواتین کی سب سے زیادہ تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کانگریس سے درخواست کی کہ کینسر پر تحقیق کے لیے 500 ملین ڈالرز کی منظوری دی جائے۔

چین کے صدر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ  تجارتی معاہدے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی معاہدے سے ٹیرف میں کمی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کی ملازمتوں کا تحفظ ہونا چاہیے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید طاہر کی کہ مذاکرات کے بعد افغانستان میں فوج کم کرنے کا موقع ملے گا جس کے بعد امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر فوکس کرے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ مذاکرات صحیح اور درست سمت میں گئے تو افغانستان سے فوج نکال لیں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ ہم معاہدے تک پہنچیں گے یا نہیں؟ مگریہ ضرور ہے کہ 20 سالوں کی جنگ کے بعد ہم امن کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن کی بات کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں