جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں بارش

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: جڑواں شہروں سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی میں رات گئے سے گرچ چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، ہری پور سمیت مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے چند مقامات پر بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں مری، گلگت، اسکردو سمیت دیگر مقامات پر ایک بار پھر برفباری کا امکان ہے جب کہ کراچی میں موسم ابر آلود اور سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے بارش کا نیا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

مری اور دیر بالا سمیت پہاڑی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ دیر بالا میں تین انچ برفباری ہو چکی ہے جب کہ 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

دیر بالا میں برفباری کے باعث چترال جانے والا واحد راستہ لواری ٹنل بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے درجنوں مسافر اور سیاح پھنس گئے ہیں جب کہ برفباری سے اکثر علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر دیر بالا عرفان اللہ محسود کے مطابق مسافروں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جب کہ برفباری زیادہ ہونے سے سڑک سے برف ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں بھی برفباری کا سلسلہ اگلے 48 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جب کہ مری کا درجہ حرارت کم سے کم منفی دو اور زیادہ سے زیادہ چار ریکارڈ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں