تیسرا ٹی 20، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 27 رنز سے ہرادیا


اسلام آباد: پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 27 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم اس طرح سیریز میں کلین سوئپ سے بچ گئی۔ جنوبی افریقہ  تین میچوں کی سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا کیونکہ پانچ کے مجموعی اسکور پر ہینڈرکس کو شاہین آفریدی نےآؤٹ کردیا۔ جس وقت اسکور میں نو رنز کا اضافہ ہوا تو  میلان دو رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس طرح 14 کے مجموعی اسکور پر اوپنرز پویلین لوٹ گئے تھے۔

پاکستان نے  جیت کے لئے 169 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ کو دیا تھا۔

قومی کرکٹ  ٹیم کی جانب سے محمد رضوان نے 26، بابر اعظم نے 23 اور شاداب خان نے 22 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

میچ کے آغاز پر جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کا آغاز بھی کچھ زیادہ متاثر کن نہیں تھا کیونکہ پہلی وکٹ 22 کے مجموعی اسکورپر گرگئی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے تھے۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقہ کے باؤلر ہینڈریکز نے پاکستان کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں ساؤتھ افریقہ کو 2-0 سے برتری حاصل تھی جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کے لیے ضروری تھا کہ وہ وائٹ واش سے بچنے کے لیے یہ میچ لازمی جیتے۔

جنوبی افریقہ میں جاری سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو سات اور پہلے میں چھ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

میزبان ٹیم نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں3-2 سے ہرایا تھا اور ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی قیادت شعیب ملک کر رہے تھے۔ گیارہ مرتبہ لگاتار ٹی 20 سیریز جیتنے والے پاکستانی کپتان سرفراز احمد آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باعث قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

 


متعلقہ خبریں