حکومت شیخ رشید کو ممبر پی اے سی بنانے کیلئے پھر سرگرم

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ممبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(پی اے سی) بنانے پر سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ حکومت نے وزیر ریلوے کو ممبر پی اے سی بنانے کیلئے رابطوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک بار پھر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رابطہ کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کے مشیر خصوصی نعیم الحق کو اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطے کی ذمہ داری سونپی ہے اور اسد قیصر بھی شیخ رشید کے معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر شیخ رشید کی آئندہ 24 گھنٹے میں اہم ملاقات متوقع ہے۔

حکومتی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی سے رابطہ کرنے سمیت سیاسی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی اور وفاقی حکومت شیخ رشید کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا ہر صورت رکن بنوائے گی۔

ہم نیوز کو ملنے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان بھی جلد از جلد  شیخ رشید کی پبلک اکاونٹس کمیٹی میں شمولیت کے خواہاں ہیں اور پہلی بار بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ہی وزیر ریلوے کا نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجوایا گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی رکنیت کا معاملہ وزیر اعظم اور شیخ رشید کے مابین ہے اور حتمی فیصلہ جلد ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت نے وزیر ریلوے اور اپوزیشن نے سعد رفیق کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو ممبر پی اے سی کیلئے بھجوائے تھے جنہیں اسد قیصر نے رد کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر اسمبلی کمیٹی میں بد نظمی نہیں چاہتے اس لیے دونوں رہنماؤں کو پی اے سی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں