‘شہباز شریف کو پی اے سی سے استعفیٰ دے دینا چاہیئے’


اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ علیم خان نے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ شہباز شریف کو بھی پی اے سی سے استعفیٰ دے دینا چاہیئے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان کے حوالے سے کہا کہ شہباز شریف عہدے سے الگ ہو کر تحقیقات کا سامنا کریں۔ پبلک اکاؤٹنس کمیٹی (پی اے سی) کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں پی اے سی میں شہباز شریف کے کردار پر تشویش ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہباز شریف پی اے سی سے علیحدہ ہو جائیں۔

انہوں نے کہا  کہ جیسے ہی علیم خان کی گرفتاری کا کہا گیا، انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کو اپنا استعفی بھیج دیا۔ جس طرح وہ فوری مستعفیٰ ہوئے اس سے کلچر کا واضح فرق نظر آتا ہے۔ ایسے اقدامات سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں کیا کلچر ہے اور باقی جماعتوں میں کیا؟ علیم خان کی گرفتاری کے بعد سمجھ نہیں آتا اپوزیشن اب کیا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اداروں کا مضبوط ہونا پاکستان کے لیےمضبوطی کا باعث ہے۔ احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اداروں کے ساتھ  کھڑے ہیں۔ علیم خان کے کیس کا فیصلہ میرٹ پرہوگا۔ 

اے پی پی کو ڈیجیٹل سروس آف پاکستان بنانے کا منصوبہ زیرغور ہے، وزیراطلاعات 

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اخبارات کی بندش کی وجہ معیشت نہیں، ٹیکنالوجی ہے۔ حکومت نے ڈیجیٹل میڈیا کو ایڈورٹائزنگ ٹول میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا میں خلا  کم ہوتا جا رہا ہے اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور اس میں بہت زیادہ جدت آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اشتہارات کی مد میں پاکستان سے پیسہ باہر نہ جائے۔ ہزاروں بچے میڈیا کی ڈگریاں لے کر مارکیٹ میں آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اخبارات کی بندش کے باعث بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ پرنٹ میڈیا کے لیے اشتہارات میں کمی آ رہی ہے۔ وزیراطلاعات نے ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ فیس بک سے اپنا آفس پاکستان میں کھولنے کے لیے بات کی ہے۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارم میڈیا کی ہیت تبدیل کررہے ہیں، وزیراطلاعات

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم میڈیا کی ہیت تبدیل کررہے ہیں اور اسی وجہ سے اے پی پی کو ڈیجیٹل سروس آف پاکستان بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاہم میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ میڈیا کی صنعت کے مستقبل کے لیے تحقیق کرنا ہوگی اور میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے میڈیا بجٹ میں بہت زیادہ اضافہ کردیا تھا۔ فواد  چوہدری نے بتایا کہ ایروس نے پاکستان کی ڈرامہ سیریل ساڑھے چار لاکھ ڈالر میں خریدی ہے۔ اشتہارات کی تعداد میں بھی وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پی ایس ایل میں اشتہارات کا بڑا حصہ اسپورٹس چینل کو چلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں