‘پی اے سی رکنیت: ’حکومت شیخ رشید کے نام پر سمجھوتہ نہیں کریگی


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی رکنیت کے معاملے پر وزیر ریلوے شیخ رشید کے نام پر سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے شیخ رشید کو کل ملاقات کے لیے طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے شیخ رشید کو کمیٹی کا رکن بنوانے کے لیے رابطوں میں ایک بار پھر تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق حکومتی سطح پر ایک مرتبہ پھر اسپکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت شیخ رشید کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا رکن بنوانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی رکنیت کا معاملہ وزیر اعظم اور شیخ رشید کے مابین ہے اور حتمی فیصلہ جلد ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت نے وزیر ریلوے اور اپوزیشن نے سعد رفیق کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو ممبر پی اے سی کیلئے بھجوائے تھے جنہیں اسد قیصر نے مسترد کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر اسمبلی کمیٹی میں بد نظمی نہیں چاہتے اس لیے دونوں رہنماؤں کو پی اے سی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شیخ رشید متعدد بار کمیٹی کی رکنیت کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ  پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں لڑائی جھگڑا کرنے کے لیے نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کی آواز بننا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں