کراچی:ماہانہ فیسوں میں کمی کے لیے والدین کا مظاہرہ


 اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کےاحکامات کے باوجود نجی اسکول بچوں کی ماہانہ فیسوں میں کمی کے لیے تیارنہیں۔ کراچی میں متاثرہ والدین نے اسکول کے باہرمظاہرہ کرکے انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔

کراچی میں ٹیپوسلطان روڈ پرقائم ایوسینا اسکول انتظامیہ کےخلاف والدین نےاحتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل درآمد تو دور کی بات، اسکول انتظامیہ نے فیسوں میں اضافہ کردیا ہے۔

والدین نےشکوہ کیا کہ اسکول انتظامیہ کھلم کھلا سپریم کورٹ کی رٹ چیلنج کررہی ہے لیکن کوئی  کارروائی نہیں کی جارہی۔

پیرنٹس ایکشن کمیٹی کے مطابق شہرمیں 300 سے زائد ایسےاسکول ہیں جو سپریم کورٹ کے احکامات کو نظراندازکررہےہیں جلد پریس کانفرنس میں ان کے نام سامنے لائے جائیں گے۔

واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے بچوں کی اسکول فیسوں سے متعلق فیصلہ جاری کیا تھا جس میں 5000 سے زائد فیس لینے والے اسکولوں کو 20 فیصد کمی کا حکم دیا گیا تھا۔

اسکولوں میں بچوں کی فیسوں سے متعلق فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے اسکول کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا حکم جاری کیا تھا جس کا اطلاق ملک بھر کے تمام اسکولوں پرہونا تھا۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری فیصلے میں 20 فیصد کمی کا اطلاق 5000 سے زائد فیس پر ہوگا جبکہ 5000 سے کم فیس والے اسکول 20 فیصد کمی سے مستثنیٰ ہیں۔


متعلقہ خبریں