‘علیم خان کی گرفتاری سے حکومت کو دھچکا ضرور لگا ہے’


اسلام آباد: ہم نیوز لاہور کے بیورو چیف شیراز حسنات  نے کہا کہ  علیم خان کی گرفتاری سے حکومت کو دھچکا ضرور لگا ہے اور یہ حکومت کے لیے مشکل وقت ہے۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا موقف یہ ہے کہ علیم خان پوچھ گچھ کے دوران  نیب افسران کو مطمئن نہیں کرسکے جبکہ آف شور کمپنیوں کے حوالے سے وہ جواب نہیں دے سکے۔

شیراز حسنات نے بتایا کہ علیم خان کی گرفتاری کسی کے لیے حیران کن نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ یہ تو ہونا تھا اور اپوزیشن کی جانب سے بھی اس بات کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ بنیادی طور پر اس طرح سے نیب نے توازن برقرار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ علیم خان نے اپنا تمام ریکارڈ نیب میں جمع کرایا ہے۔ علیم خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

علیم خان کو منظر سے ہٹانے میں پی  ٹی آئی کا بھی کردار ہے،حفیظ اللہ نیازی

پروگرام میں موجود تجزیہ نگار حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ عمران خان نے ایک ایک کرکے سب کو ایک طرف کردیا ہے۔ علیم خان کو منظر سے ہٹانے میں پی  ٹی آئی کا بھی کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب الزام عائد ہوجائے تو یوں سمجھیں 90 فیصد کام ہوجاتا ہے اور مخالفین تو مجرم ہی پکارتے ہیں۔ گرفتاری کے باعث جو داغ لگتا ہے اسے مٹایا نہیں جاسکتا اور علیم خان کی گرفتاری پی ٹی آئی کے لیے ایک بڑا داغ ہے۔

دھرنے اور 12 مئی کا معاملہ الگ الگ ہے، شائق عثمانی

پروگرام میں موجود سابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس (ر) شائق عثمانی نے کہا کہ دھرنے اور 12 مئی کا معاملہ الگ الگ ہے۔

نواز شریف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب کوئی سیاست دان جیل جاتا ہے تو اسے میڈیکل کے مسائل شروع ہوجاتے ہیں اورابھی بھی یہی ہورہا ہے لیکن علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

این ایف سی کی خصوصیت سب کی شمولیت ہے، تیمور جھگڑا

پروگرام میں موجود خیبر پختنوںخوا کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نےاین ایف سی ایورڈ کے حوالے سے کہا کہ جب این ایف سی میں مسائل کی فہرست کی بات کی جائے تو یہ چھ بڑے مسائل ہیں جن پر کمیٹیاں بنانے کی ضرورت ہے اور اس میں سے ایک ورکنگ گروپ فاٹا پر ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی کی خصوصیت یہ ہی ہے کہ سب اس میں شامل ہوں۔


متعلقہ خبریں