چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں سپریم کورٹ کے ججز سمیت رجسٹرار سپریم شریک ہوئے۔

سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق تمام ججز نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو چیف جسٹس کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

چیف جسٹس نے آغاز میں فل کورٹ اجلاس بلانے کے مقصد سے آگاہ کیا، اجلاس کا بنیادی نقطہ انصاف کی فراہمی اور مقدمات کو نمٹانے سے متعلق تھا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ یکم ستمبر سے 31 دسمبر 2018 تک چھ ہزار تین سو 42 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اس دوران چھ ہزار 4 سو 7 درخواستیں دائر ہوئیں۔

سپریم کورٹ میں اب تک کل زیر التوا مقدمات 40 ہزار 5 سو 35 ہے، التوا کی درخواستوں کی ہمت افزائی نہیں کی جائے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ مختلف مقدمات کےلئےخصوصی بنچ تشکیل دیئے جائیں گے جبکہ سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیلوں کی کرونیکل آرڈر میں سماعت کی جائے گی۔

نظر ثانی کی اپیلوں کو متعلقہ فیصلہ تحریر کرنے والے جج کی موجودگی میں ایک ہفتے میں سنا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے پرنسپل سیٹ اور برانچ رجسٹری میں ای کورٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے بعد 18 جنوری کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے سنیئر ترین جج جسٹس آ صف سعید خان کھوسہ نے بطور چیف جسٹس حلف اٹھایا تھا۔


متعلقہ خبریں