قومی ادارہ صحت:الرجی ٹیسٹ کی فیس میں اضافہ

این آئی ایچ نے الرجی ٹیسٹ کی فیس اضافہ کردیا۔ فوٹو ہم نیوز۔–


اسلام آباد: وزارت قومی صحت کے ماتحت کام کرنے والے ادارے قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ ) نے الرجی ٹیسٹ کی فیس میں 450 سو روپے اضافہ کردیا ہے۔

اکلوتے سرکاری الرجی سنیٹر میں مفت علاج کی سہولت دینے کی بجائے انتظامیہ نے الرجی ٹیسٹ کی فیس 550  روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی ہے۔

اس ادارے میں ملک بھر سے الرجی سیزن کے علاوہ روزانہ 250 سے 300 مریض اپنا طبی معائنہ کرانے آتے ہیں اور ہر مریض سے روزانہ 1500 روپے ویکیسن کے ساتھ وصول کیے جانے لگے ہیں۔ اسی طرح الرجی کے موسم میں ملک بھر سے پانچ سو سے زائد مریض روزانہ طبی معائنہ کرانے آتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  قومی ادارہ صحت سالانہ کروڑوں روپے بجٹ بھی وفاقی حکومت سے وصول کررہا ہے۔

اس حوالے سے ادارے کے ایگزیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹرمحمد عامراکرام نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اضافے کی وجہ ٹیسٹ پر ہونے والے اخراجات ہیں جبکہ فیس میں اضافے کے بعد یہ ٹیسٹ ایک ہزار روپے میں کیا جائےگا تاہم مستحق افراد کے لیے ادارے میں اس ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹ اورمفت علاج کی سہولت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا واحد الرجی سینٹر ہے اور یہاں مستحق افراد کا مفت علاج اور ٹیسٹ  کیے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد عامراکرام  نے یہ بھی کہا کہ این آئی ایچ کو حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کا بجٹ ملنے کی بات درست نہیں،حکومت سے اسٹاف کے لیے صرف تنخواہوں کا بجٹ آتاہے۔قومی ادارہ صحت کو  مختلف منصوبوں کے لیے بجٹ فراہم کیے جانے سمیت حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں