وزیراعظم عمران خان بھی مہنگی ایل پی جی سے پریشان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھی ایل این جی مہنگی ہونے کی وزیرخزانہ اسدعمرسے شکایت کردی ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیومیں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا۔ بنی گالا میں سوئی گیس نہ ہونے کے باعث ایل پی جی کا استعمال کیا جاتا ہے جو بہت مہنگی ہوگئی ہے۔ عمران خان نے وفاقی وزیرخزانہ اسدعمرسے شکایت کی ایل پی جی کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں، انہیں کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پروگرام میں فواد چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ وزیرپٹرولیم غلام سرور کو بتادیا گیا ہے کہ گیزرلگثرری نہیں ہے، اس سے قبل ایک نجی چینل کو انٹرویومیں انہوں نے عام آدمی کو گیزرجیسی لگثری ترک کرنے اور گیس سے پانی گرم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ شکوہ تب سامنے آیا ہے جب شہریوں کی جانب سے گیس کے بلوں میں بے تحاشا اضافے کی شکایات کی جارہی ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں اوگرا نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں چھ روپے اضافہ کیا تھا جس سے گھریلو سلنڈرمیں 66 روپے اور کمرشل سلنڈر میں 250 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 121 روپے فی کلو مقرر کی گئی جس سے گھریلو سلنڈر 1427 روپے کا ہوگیا تھا۔

 

 


متعلقہ خبریں