گاڑی تلے بلی کچلنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج


کراچی: سٹی کورٹ کے حکم پر درخشاں تھانے میں بلی کو گاڑی کے نیچے کچلنے پر خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

خاتون کے خلاف مقدمہ فائق جاگیرانی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔اس ضمن میں بات کرتے ہوئے مدعی فائق جاگیرانی کا کہنا تھا کہ  جانوروں کے حقوق کے لئے انیمل جسٹس کورٹ کا قیام عمل میں لانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ  دنیا بھر میں جانوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاتا ہےجبکہ پاکستان میں جانوروں کے حقوق کی بدترین پامالی کی جاتی ہے۔

خیال رہے کراچی کے  شہری فائق جاگیرانی  نے  خاتون کی جانب سے بلی کو گاڑی سے کچلنے کے حوالے سے سٹی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا جس پر عدالت نے خاتون کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا واقعہ یکم فروری 2018 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 درخشاں تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ شہری کا کہنا تھا کہ خاتون کی گاڑی تلے آکر بلی زخمی ہوئی اور خاتون سے پہلے بلی کے علاج کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن بعد میں بلی ہلاک ہوگئی تھی۔

شہری نے بتایا کہ اس نے خاتون کی جانب سے انکار پر پولیس کی مدد لے لی تھی۔ دراخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ دنیا بھر میں بے زبان جانوروں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے، پولیس اور عدالت جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے اور انکے حقوق کے لئے اقدامات کریں۔

عدالت نے  فائق جاگیرانی کی درخواست پر خاتون کے خلاف بلی کے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں