انگلینڈ کیخلاف سیریز والے 15 کھلاڑی ہی ورلڈ کپ کھیلیں گے، مکی آرتھر



لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ سرفراز احمد سے جو ہوا وہ غلط تھا اس نے معافی مانگی، کپتان کے معاملے میں پی سی بی نے میرے ساتھ مکمل مشاورت کی تھی انہیں سزا بھی ہوگئی اب آگے بڑھنا چاہیے۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا کہنا بہتری کے لیے ہوتا ہے، ڈریسنگ روم میں جو ہوتا ہے ڈریسنگ روم میں ہی رہنا چاہیے، ساڑھے 4 ماہ سرفراز نے اچھی کیپنگ کی میں اس کی فارم سے پریشان نہیں ہوں،وہ باصلاحیت کرکٹر ہے۔

سرفراز کو پاکستان واپس بھیجنے کے فیصلے سے مکمل آگاہ تھا، میں نے زیادہ کرکٹ کھیلنے کا بہانہ نہیں بلکہ ایک پوائنٹ دیا ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول ٹرسٹ پر بنتا ہے، جو میں نے کہا وہ ٹیم کی بہتری کیلئے تھا، معافی نہیں مانگوں گا،پاکستان جب ہارتا ہے تو ڈریسنگ روم میں ہر شخص ٹوٹا ہوا ہوتا ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ کپتان کی بیٹنگ پر بہت محنت کی جارہی ہے، ہمیں ہر کنڈیشنز میں اچھا کھیلنے کی ضرورت ہے،
انگلینڈ کے خلاف سیریز والے 15 کھلاڑی ہی ورلڈ کپ میں جائیں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں مائنڈ بنائیں گے کیسے ورلڈکپ میں جانا ہے۔ ورلڈ کپ کےلیےکمبی نیشن بنارہے ہیں اور چیف سلیکٹر کے ساتھ مشاورت جاری ہے، انضمام الحق اور میں ایک پیج پر ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہ تھی، ٹیسٹ فارمیٹ میں ابھی بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ میں کبھی کوئی ایشین ٹیم ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا پی ایس ایل بہترین ایونٹ ہے اور اس سے اچھے کھلاڑی قومی ٹیم کو مل رہےہیں۔ پی ایس ایل سے ہمیشہ نئے کھلاڑی سامنے آتے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے میں زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم کنڈیشنز کے اعتبار سے کھلاڑیوں کا بیٹنگ آرڈر ترتیب دیتے ہیں سرفراز احمد نے ٹیم کیلئے بیٹنگ آرڈر میں اوپر اور نیچے دونوں جگہ اچھی بیٹنگ کر کے دیکھائی، بخوبی جانتے ہیں کہ سرفراز احمد ٹیم کیلئے کسی بھی آرڈر میں بیٹنگ کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی پہلی ترجیح وکٹ کیپرز میں پرفارم کرنا ہے لیکن وہ بیٹنگ میں بہتری کیلئے کام کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے محمد عامر کو نہیں چھوڑ سکتے، اظہر علی اور اسد شفیق پر بھروسہ ہے وہ بہترین کھلاڑی ہیں، امید ہے حفیظ اور شعیب مالک ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، اس سے حریف ٹیم پر ہمارا دباؤ بنے گا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ فہیم اشرف بہترین کھلاڑی ہیں، وہ نوجوان کھلاڑی ہیں ان کی بیٹنگ پر کام کرنا پڑے گا، ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان ٹیم کی بولنگ لائن اپ اصل ہتھیار ہوگی۔


متعلقہ خبریں