اسرائیلی افواج کی فائرنگ: دو شہید سات زخمی


فلسطین: غزہ میں اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے دو نو عمر فلسطینی شہید اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی مطالم کے خلاف سرحد کے قریب فلسطینی احتجاج کررہے تھے تو ان پر دور بیٹھے افواج کے نشانہ بازوں نے گولیاں چلادیں۔

مؤقر اسرائیلی اخبار ’ہیرٹز‘ نے بھی دو کم عمر فلسطینی بچوں کی شہادت اور سات کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اس ضمن میں اس نے غزہ میں قائم وزارت صحت کا حوالہ دیا ہے۔ فلسطین کے  آزاد ذرائع کا البتہ اصرار ہے کہ شہادتوں کی تعداد تین ہے۔

غزہ میں عوام کا احتجاج 46 ویں دن میں داخل ہو چکا ہے۔ عالمی  میڈیا کے مطابق اسرائیلی مطالم سے تنگ آئے ہوئے فلسطینی جب سرحد کے قریب مظاہرہ کرتے ہیں تو اسرائیلی افواج کے نشانہ باز انہیں اپنا نشانہ بنا لیتے ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق جمعہ کے دن شہید ہونے والے 14 سالہ حسن شیلابی کو حماس کے مرکزی رہنما اسماعیل ہانیہ کا قریبی عزیز بتایا جاتا ہے۔

ہیرٹز کے مطابق 14 سالہ حسن شیلابی حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی بھتیجی یا بھانجی کا بیٹا تھا۔

خبررساں اداروں کے مطابق جمعہ کے دن ہونے والے احتجاج میں اندازاً سات ہزار افراد نے حصہ لیا اورمظاہرے کے دوران سخت نعرے بازی بھی کی۔

اسرائیلی اخبار ’ہیرٹز‘ کے مطابق گزشتہ جمعہ کو ہونے والے احتجاج کے دوران 32 فلسطینی اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں اخبار نے غزہ اتھارٹی کا حوالہ دیا ہے۔

ہیرٹز کے مطابق اقوام متحدہ کی گزشتہ ماہ جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 295 فلسطینی شہید اور چھ ہزار زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ شہادتیں گزشتہ مارچ سے شروع ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں