وفاقی حکومت نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کے پی کو عہدے سے ہٹادیا


اسلام آباد:وفاقی حکومت نے آئی جی خیبر پختون خواصلاح الدین محسود کو عہدے سے ہٹادیاہے، محمد نعیم خان آئی جی خیبر پختون تعینات کردیے گئے۔ پولیس سروس گریڈ 22کے محمد نعیم خان آئی جی آزاد کشمیر تعینات تھے،پولیس سروس گریڈ 21کےصلاح الدین محسود کو آئی جی آزاد کشمیر تعینات کردیا گیاہے۔

حکومت نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ کو بھی عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ محمد سلیم چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ تعینات کردیے گئے ہیں۔گریڈ 21 محمد سلیم خیبر پختون خوا ہی میں تعینات تھے ۔گریڈ 22 کے نوید کامران بلوچ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ حکومت نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خواجہ داود احمد کو بھی تبدیل کردیا۔گریڈ 21 کے خواجہ داود احمد ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ مقررکیے گئے ہیں۔ خواجہ داود احمد کو تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر سپریم کورٹ میں تعینات کیا گیاہے۔ مطہر نیاز رانا چیف سیکرٹری آزاد کشمیر تعینات کیے گئے ہیں۔ گریڈ 21 کے مطہر نیاز رانا ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار تعینات تھے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تبادلوں اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اختلافات کے باعث وزیراعظم نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی کو تبدیل کردیا ہے، آئی جی پی صلاح الدین قبائلی اضلاع میں باقاعدہ پولیس کا نظام لارہے تھے۔

ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بیوروکریسی پولیس کے مکمل اختیارات کے خلاف تھی اور قبائلی اضلاع کے مجوزہ انتظامی معاملات پرگورنر اور وزیراعلی کے درمیان بھی اختلاف تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلی سطح پرتبادلوں میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔


متعلقہ خبریں