مونس الہٰی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ

مونس الٰہی اہلیہ

ق لیگ جان بوجھ کر حکومت پر دباؤ بڑھارہی ہے، مسئلہ مونس الہیٰ کو وزیر بنانے کا ہے، ذرائع—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کو مزید ایک وزارت دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الہٰی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مونس الٰہی کو وزارت صنعت کا وفاقی وزیر بنایا جائے گا، مونس آئندہ ہفتے وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کو بھی مزید ایک وزارت دی جائے گی، بی اے پی نے چند روز قبل وزیراعظم سے ملاقات میں مزید ایک وزارت مانگی تھی۔

یاد رہے پنجاب حکومت نے وزیراعظم کی ہدایت پر اپنے حکومتی اتحادی مسلم لیگ ق کے مطالبات مانتے ہوئے سیکرٹری معدنیات اور ایم ایس راولپنڈی اسپتال کی چھٹی کرا دی تھی۔

واضح رہے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کےمسلم لیگ ق میں فارورڈ بلاک سے متعلق بیان پرق لیگی رہنماؤں نے سخت رد عمل دیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت سے اتحادیوں کی علیحدگی کے خدشات عیاں ہو گئے تھے اور چوہدری مونس الہیٰ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایسے بیانات سے اتحاد ختم ہو سکتا ہے۔

مونس الہیٰ نے وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی کہ وہ اپنے وزیروں کو نظم و ضبط سیکھائیں تاکہ تمام جماعتوں کو اتحاد قائم رہ سکے۔

رہنما مسلم لیگ ق کے سخت رد عمل کے بعد تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے مسلم لیگ ق کے رہنما کو معذرت کا مسیج کیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے رات گئے مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی کو معذرت کا پیغام بھجواتے ہوئے وضاحت کی کہ اُن کے منہ سے مسلم لیگ ق کا نام غلطی سے نکل گیا تھا۔


متعلقہ خبریں