عرب انٹرنیشنل فیسٹیول ایوارڈ ماہرہ خان کے نام


شہرہ آفاق اداکارہ و پشاور زلمئی کی برینڈ ایمبیسیڈر ماہرہ خان نے بھارت اور پاکستان میں سینکڑوں ایوارڈ لینے کے بعد اب عرب انٹرنیشنل فیسٹیول ایوارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں ڈِسٹِنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد ہوا جس میں دنیا بھر کی نامور شخصیات سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والے ستاروں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو فلم کی دنیا میں منفرد پہچان بنانے پر قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تقریب میں خوبرو اداکارہ نے کویت کی مشہور برانڈ لیبرجوزی کا ہلکے آسمانی رنگ کا لباس زیب تن کیا اور تقریب میں آئے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

یاد رہے کہ ماہرہ خان کو سال 2017 میں لبنان کے 8ویں بیروت انٹرنیشنل ایوارڈ فیسٹیول کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا جہاں بین الاقوامی سطح پر شہرت پانے اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

واضح رہے کہ برطانوی میگزین ’ایسٹرن آئی‘ کی جانب سے حال ہی میں ایشیا کی 50 دلکش ترین خواتین کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ماہرہ خان رواں برس بھی چوتھے نمبر پر ہیں۔

برطانوی جریدے نے ماہرہ کو مسلسل چوتھے برس پاکستان کی دلکش ترین خاتون قرار دیا ہے جبکہ فہرست میں پاکستان کی صنم سعید 19ویں، آرمینا خان 24ویں، مہوش حیات 40ویں اور اقراعزیز 46ویں نمبر پر ہیں۔

ایسٹرن آئی ہر برس ایشیا سے تعلق رکھنے والے دلکش افراد کی فہرست شائع کرتا ہے۔

جریدے کے مطابق ایشیا کی 50 دلکش ترین خواتین میں بھارتی فلمی اداکارہ پریانکا چوپڑا پہلے، بھارتی ٹی وی اداکارہ نیا شرما دوسرے، دیپکا پڈوکون تیسرے جبکہ عالیہ بھٹ چوتھے نمبر پر ہیں۔

ایسٹرن آئی میگزین کی جانب سے ایشیاء کی 50 دلکش ترین خواتین کی فہرست جمعرات (آج) کو شائع ہوگی، جبکہ ایشیاء کے 50 دلکش ترین مردوں کی فہرست 14 دسمبر کو شائع کی جائےگی۔

ماہرہ کے لیے یہ سال کامیابیوں کا سال مانا جارہا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے بالی ووڈ اسٹارشاہ رخ خان کے ہمراہ ’رئیس‘ میں بطور اداکارہ کردار نبھایا تھا۔


متعلقہ خبریں