پاکستان پوسٹ کا ’ای کامرس‘ کے نام سے نئی سروس کا آغاز


اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے ’ای کامرس‘ کے نام سے نئی سروس کا آغاز کر دیا جس کا افتتاح وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ ای کامرس مارکیٹ میں تیزی سے قدم جما رہا ہے، ادارہ اپنی سروسز کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ روایتی خط و کتابت میں عالمی سطح پر کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے پوسٹل سیکٹر کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

’میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان پوسٹ عنقریب اس ملک کا ایک توانا اور منافع بخش ادارہ بنے گا، نئی سروس سے پاکستان پوسٹ معاشی خود کفالت کی طرف گامزن ہوگا۔‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2020 میں ای کامرس کا بزنس ایک ارب ڈالر تک ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خسارا 12 ارب روپے سالانہ ہے، ادارے کو منافع بخش بنانا ہے، ملک بھر سے اب تک پوسٹ آفس کے 120 پارٹنر رجسٹرڈ ہو چکے۔

مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کا ویب پورٹل آن لائن بزنس کرنے والے کی مدد کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں پاکستان پوسٹ کے تمام آفسز میں آن لائن رجسٹرڈ کمپیوں کے سیمپل کی نمائش کی جائےگی۔

’ملک بھر میں پاکستان پوسٹ آفسز میں سامان بھیجنے کے عمل میں جدت لائی گئی، اب پرانے سسٹم کی بجائے نئے ڈبوں میں سامان پیک کیا جائے گا، پاکستان پوسٹ سے کم سے کم کٹوتی میں 50 ہزار تک کی رقم بھیجی جا سکتی ہے، ایک دن میں پارسل ڈیلیور کیا جائے گا۔‘

وفاقی وزیر کے مطابق صبح 12 بجے پارسل بک کر کے ایک ہی دن میں پارسل ڈیلیور کیا جائے گا، اسی طرح کی سروس کو دنیا بھر میں متعارف کروایا جائے گا، تمام پارسلز کو ٹریک بھی کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ 52 ارب کا خسارا پرانے انفراسٹرکچر کی وجہ سے تھا، آپ لوگوں نے اعتماد کیا، اب 145 فیصد ریونیو میں اضافہ ہوا ہے، یہ پوری قوم کے لیے خوشخبری ہے۔


متعلقہ خبریں