کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن، متعدد علاقوں میں تاریکی کا راج


کراچی: شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے نتیجےمیں شہر کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ بریک ڈاؤن کی بڑی وجہ اب تک یہی سامنے آئی ہے کہ ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی ہے۔

کراچی کے جو علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ان میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، ناظم آباد، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال اور گلستان جوہر شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق درج بالا علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے اورتاریکی کا دور دورہ ہے۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ گلشن اقبال، گلستان جوہر، ناظم آباد اور نارتھ کراچی سمیت شہر بھر میں بجلی بحال ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کے الیکٹرک کے ترجمان نے صارفین سے کہا ہے کہ علاقائی فالٹس کی بروقت درستگی کے لیے  118 یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔

29 جنوری 2019 کو بھی کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

اس وقت بھی شہر قائد کے متعدد علاقوں بشمول گلستان جوہر، گلشن اقبال،ایف سی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، نارتھ ناظم آباد اور فیڈرل بی ایریا میں بجلی کی فراہمی معطل رہی تھی۔

کے الیکٹرک حکام کا اس وقت مؤقف تھا کہ ایچ ٹی لائن ٹرپ ہونے کے باعث بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کی وجہ سے  نیشنل گرڈ سے ملنے والی چھ سو میگاواٹ بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

کے الیکٹرک حکام کا اس کے بعد کہنا تھا کہ چند علاقوں سے تعطل کی شکایت ملی تھی جسے درست کردیا گیا تھا۔

اگست 2018 میں بھی جام شورو سے کراچی آنے والی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے کراچی، حیدرآباد اور جامشورو سمیت سندھ کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے تھے۔

بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شہر قائد کے 80 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہو ئے تھے۔

گزشتہ سال کئی مرتبہ شہر قائد کے باسیوں نے اس طرح کے بریک ڈاؤن کا سامنا کیا تھا۔


متعلقہ خبریں