سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بسنت



ریاض: سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بسنت میلہ منایا۔

سعودی حکومت کی جانب سے بسنت میلے کے انعقاد کی اجازت کے بعد وہاں موجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بسنت منائی اور صحرائے عرب کے آسمان کو رنگ برنگی پتنگوں سے بھر دیا جب کہ بو کاٹا کے نعرے بھی لگائے گئے۔

بسنت میلہ میں سینکڑوں کی تعداد میں پتنگ بازی کے شوقین افراد کے علاوہ سعودی شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

بسنت میلے میں شریک لوگوں کو کہنا تھا کہ وہ سعودی حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے بسنت کے تہوار کو منانے کی اجازت دی۔

پاکستان کے صوبے پنجاب میں بھی صوبائی وزیر کی جانب سے فروری میں ثقافتی جوش و جذبے کے ساتھ بسنت منانے کا اعلان کیا گیا تھا جسے لوگوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور صوبائی حکومت کے فیصلہ کے خلاف آواز اٹھائی۔

بسنت میلے کے خلاف عدالتوں میں بھی درخواستیں دائر کی گئیں اور بسنت کو خونی کھیل قرار دیتے ہوئے اسے رکوانے کا مطالبہ کیا گیا تاہم عوامی دباؤ کے بعد صوبائی حکومت نے بسنت منانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

حکومت پنجاب نے 12 سال بعد بسنت منانے کا فیصلہ کیا تھا، حکومت کے فیصلے کے تحت فروری کے دوسرے ہفتے میں بسنت فیسٹول منایا جانا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بسنت کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے کئی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں